ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شامی اپوزیشن جنیوا اجلاس مشترکہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل پر متفق

شامی اپوزیشن جنیوا اجلاس مشترکہ مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل پر متفق

Mon, 13 Feb 2017 10:36:40    S.O. News Service

اپوزیشن کے نمائندہ دھڑوں کا سعودی عرب میں اجلاس
دبئی،12؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شام میں جاری بحران کے حل کے سلسلے میں جنیوا میں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی 20 فروری کو ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے شامی اپوزیشن نے متفقہ مذاکراتی وفد تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ جنیوا اجلاس کے انعقاد سے 10 روز پہلے شامی اپوزیشن کا ایک اہم اجلاس کل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوا جس میں شام کی سپریم مذاکراتی کونسل، شامی نیشنل الائنس کے ارکان کے ساتھ ساتھ عسکری تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ریاض میں شامی حزب اختلاف کے اجلاس کے دوران جنیوا میں ہونے والے مجوزہ مذاکرات کو کامیاب بنانے پرغور وخوض کیاگیا۔حزب اختلاف کے ایک اہم عہدیدار نے بتایا کہ کل جمعہ کو ریاض میں ہونے والے اجلاس میں شامی اپوزیشن کے تمام دھڑوں نے جنیوا مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے مشترکہ مذاکراتی وفد تشکیل دینے سے اتفاق کیا ہے۔اپوزیشن کے نیشنل الائنس کے رکن ھشام مروہ نے ’الحدث‘ ٹیلی ویڑن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کی میزبانی میں شامی اپوزیشن کا اجلاس آج ہفتے کے روز بھی جاری رہے گا۔ تاہم اس اجلاس کے حتمی فیصلوں کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک تمام دھڑوں، سیاسی اور انقلابی گروپوں نے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے لیے مشترکہ وفد تشکیل دینے سے اتفاق کیاہے۔اپوزیشن کی جانب سے تجویز پیش کی گئی ہے کہ جنیوا اجلاس کے دوران وہ شام میں پرامن انتقال اقتدار اور پہلے جنیوا اجلاس میں طے کردہ نکات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا جائے گا۔قبل ازیں آستانا میں ہونے والے مذاکرات میں شامل شامی اپوزیشن گروپوں کے مشترکہ مندوب محمد علوش نے کہا تھا کہ جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں سعودی عرب میں ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کے تمام دھڑے شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شامی حزب اختلاف خود کومتحد رکھتے ہوئے آئندہ کے مذاکراتی مراحل کے لیے یکساں موقف اپنانے اور متفقہ مذاکراتی وفد تشکیل دینے کی کوشش کررہی ہے۔


Share: